وزیر جنگلات کا دورہ نیلم، نرسریاں قائم کرنے ، درختوں کی کٹائی پر سخت ایکشن کا اعلان

نیلم :وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد کشمیرکرنل(ر) وقار احمد نور نے کہاہے کہ جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری کے فروغ کے لیے گریس ویلی میں محکمہ جنگلات کی نرسریاں قائم کی جائیں گی تاکہ جنگلاتی کلوژرز میں شجرکاری کیلئے مقامی سطح پر پودوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

گریس ویلی کے دورے کے دوران عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) وقار نور نے کہا کہ جنگلاتی کلوژرز کا تحفظ، نئے جنگلات کی افزائش اور غیر قانونی کٹائی کی روک تھام موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر جنگلات وقار احمد نورکا دورہ نیلم، کٹن میں عوامی مسائل سنے

 گریس ویلی میں قائم کلوژرز کے طرز پر ریاست بھر، بالخصوص وادی نیلم میں مزید کلوژرز قائم کیے جائیں گے تاکہ قدرتی ماحول اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

 وزیر جنگلات نے کہا کہ سرسبز درختوں کی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ٹی ڈی کوٹہ ایندھن کی ضروریات کے لیے موجود ہے، اس لیے سرسبز درختوں کی کٹائی کا کوئی جواز نہیں۔

 وزیر جنگلات نے مسک ڈیئرنیشنل پارک تاؤبٹ، فش ہیچری تاؤبٹ اور کریم آباد کی نرسریوں کا معائنہ کیا اور جنگلات، جنگلی حیات اور آبی وسائل کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

 انہوں نے عوامی وفود سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان کے مسائل و تجاویز سنے۔دورے کے دوران سیکرٹری جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز چوہدری محمد فرید، ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات راجہ زاہد حسین، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات سید مظہر نقوی، مہتمم جنگلات اویس جاوید سمیت دیگر افسران نے شاردہ سے تاؤبٹ تک قائم جنگلاتی کلوژرز پر بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے جنگلات خطرے میں، سرسبز درختوں کی کٹائی عروج پر

 وزیر جنگلات نے جنگلات کے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور شجرکاری کے اہداف کے حصول کے لیے محکمانہ اقدامات مؤثر بنانے پر زور دیا۔