اترپردیش(کشمیر ڈیجیٹل)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جیب میں رکھا موبائل فون پھٹنے کے بعد موٹر سائیکل سے گرنے والے نوجوان کی دورانِ علاج موت ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور بھوپا پولیس اسٹیشن کی حدود میں رحمت پور گاؤں کے وہلنا چوک کے قریب پیش آیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گرین بس منصوبے کی تکمیل کیلئے تاخیری حربہ قبول نہیں،ڈپٹی کمشنر ممتاز کاظمی
متوفی کی شناخت وکاس کے نام سے ہوئی ہے، جو اتم شوگر مل میں ٹوکن مین کے طور پر کام کرتے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ان کی قمیص کی جیب میں موجود موبائل فون اچانک زور دار آواز کے ساتھ پھٹ گیا۔
دھماکے کے بعد نوجوان کا موٹر سائیکل پرتوازن بگڑ گیا جس کے بعد سڑک پرٹکرا گیا۔ نوجوان کے سر، سینے، ہاتھ اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔
وکاس کے والد رویندر نے بتایا کہ ان کا بیٹا اکلوتا تھا اور شادی شدہ تھا۔ اس کے دو بچے ہیں، جن میں چھ سالہ بیٹی درشٹی اور تین سالہ بیٹا شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی ہمارے مستقبل سے مزید نہ کھیلے ،دھرنا ختم،انتشار بند کریں،طلباء کی اپیل
والد کے مطابق وکاس پیر کو اپنی والدہ کو لے کر اپنے ماموں کے گھر گیا تھا۔ انہیں وہاں چھوڑنے کے بعد وہ شام کے وقت موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی افراد کی مدد سے زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹروں نے اسے دوسرے اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا تاہم منگل کی رات علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔




