ممبران اسمبلی کی پارلیمانی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر، موثرقانون سازی پرزور

اسلام آباد،کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز اسلام آباد میں نومنتخب اراکین قانون ساز اسمبلی کیلئے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔

ورکشاپ کا مقصد اراکین اسمبلی کی پارلیمانی صلاحیتوں میں اضافہ، قانون سازی کے عمل سے متعلق آگاہی اور ایوان کی کارروائی کو مؤثر بنانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر، پارلیمانی امور کے ماہر افتخار بابر اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اسپیشل سیکرٹری شمعون ہاشمی نے شرکاء کو پارلیمانی امور، قانون سازی کے مختلف مراحل اور اسمبلی کے مؤثر کردار کے حوالے سے تفصیلی لیکچرز دیئے۔

مقررین نے پارلیمانی روایات، آئینی ذمہ داریوں اور قانون سازی کے تقاضوں کو بہتر انداز میں سمجھنے کی اہمیت اجاگر کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی پلان لیکر آرہے ہیں،وزیراعظم گیلانی

تربیتی ورکشاپ میں نومنتخب اراکین کو پارلیمانی نظام کے عملی پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا تاکہ وہ ایوان میں اپنی ذمہ داریاں زیادہ مؤثر انداز میں ادا کر سکیں اور قانون سازی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور حکومتی امور کی نگرانی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

ورکشاپ کے شرکاء نے اس اہم تربیتی اقدام پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب اراکین کی پارلیمانی تربیت کیلئے اس نوعیت کے پروگرام کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔

ان کے مطابق اس ورکشاپ سے اراکین کو پارلیمانی روایات، آئینی ذمہ داریوں اور قانون سازی کے تقاضوں کو سمجھنے میں مدد ملی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی ہمارے مستقبل سے مزید نہ کھیلے ،دھرنا ختم،انتشار بند کریں،طلباء کی اپیل

اس موقع پر وزرا کرام چوہدری عبدالرحمن اور راجہ محمد ریاست خان اور انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ سپیکر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے نومنتخب اراکین کی پیشہ ورانہ تربیت اور پارلیمانی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے کیا جانیوالا اقدام ایک مؤثر، ذمہ دار اور باخبر پارلیمانی نظام کی تشکیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تربیتی ورکشاپ سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو عملی پارلیمانی امور میں بروئے کار لاتے ہوئے قانون سازی کے معیار کو بہتر بنانے، جمہوری روایات کے فروغ اور عوامی مسائل کے مؤثر حل میں مدد ملے گی۔