نیلم ویلی،نالائق اولاد کا بوڑھے باپ پرتشدد، گھر سے بے دخل کردیا

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل سے) کیل سے تعلق رکھنے والے ضعیف العمر شہری دلاور خان نے اپنی فریاد بیان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جائیداد بچوں کے حوالے کرتے ہیں اسے تشدد کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اپنی زمین جائیداد بیٹے اور پوتوں کے حوالے کرنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر بدسلوکی، گالم گلوچ، بے عزتی اور بارہا حملوں اور بے دخلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دلاور خان کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد اپنے بیٹے اور پوتوں کے حوالے اس امید کے ساتھ کی تھی کہ بڑھاپے میں انہیں اہل خانہ کی جانب سے سہارا، عزت و احترام اور خدمت میسر آئے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی پر نقاب پوشوں کا قبضہ ، فضل الرحمن کا بیانیہ ناقابل برداشت،ارشد نیازی

تاہم ان کے بقول حالات اس کے برعکس ہو گئے اور انہیں مبینہ طور پر توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بزرگ شہری نے اپنی فریاد میں کہا کہ مبینہ بدسلوکی، گالم گلوچ اور حملوں کے واقعات نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے دلبرداشتہ ہو کر اپنے بیٹے اور پوتوں کو اپنی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد سے عاق کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس معاملے نے بزرگ شہریوں کے حقوق، والدین کے احترام، خاندانی ذمہ داریوں اور جائیداد کی منتقلی کے بعد بزرگوں کی دیکھ بھال جیسے اہم معاشرتی مسائل کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مئی 2025 کی بدترین شکست کے بعد بھارت ایک اور مہم جوئی کی تیاریاں کرنے لگا، بھارتی تجزیہ کار

معاشرتی حلقوں کے مطابق بزرگ والدین کی عزت، خدمت اور دیکھ بھال خاندان کی بنیادی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

تاہم، دلاور خان کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی آزادانہ تصدیق اور دوسرے فریق کا مؤقف سامنے آنا بھی ضروری ہے تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔