مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان سے چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ آزاد کشمیر انجینئر چوہدری رضوان انور نے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں ریاستی ترقی، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کار دوست پالیسی اور کاروباری ماحول کی بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرصہ دراز سے بندصنعتی یونٹس، انڈسٹریل اسٹیٹس کی بحالی،ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی ، سرمایہ داروں کو آزاد کشمیر کی جانب راغب کرنے کیلئے جامع روڈ میپ پر غور کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہٹیاں بالا ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے سابق فعال رکن سلیمان خالد عرف ٹیپو کا تنظیم سے علیحدگی کا اعلان
چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ انجینئر چوہدری رضوان انور نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور، سیاحت، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔
سرمایہ کاروں کو آزاد کشمیر میں ہر قسم کا قانونی تحفظ، ٹیکس مراعات اور مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
انویسٹمنٹ بورڈ کا ہدف ہے کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو راغب کر کے ریاست میں سرمایہ لایا جائے۔
سرمایہ کاری سے نہ صرف ہزاروں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ بے روزگاری کا خاتمہ اور ریاست میں معاشی خوشحالی اور خود انحصاری آئے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر جنگلات وقار احمد نورکا دورہ نیلم، کٹن میں عوامی مسائل سنے
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ انجینئر چوہدری رضوان انور کا شمار آزاد کشمیر کے بڑے بزنس ٹائیکونز اور کامیاب صنعتکاروں میں ہوتا ہے۔
ان کی بطور چیئرمین انویسٹمنٹ بورڈ تعیناتی کو کاروباری، صنعتی اور تاجر حلقوں میں انتہائی خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے ۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں آزاد کشمیر سرمایہ کاری کا مرکز بنے گا۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے چیف سیکرٹری کے غیرمشروط تعاون پر شکریہ ادا کیا۔




