فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی عرب کے نئے سفیر کی ملاقات،مکہ معاہدے کے تحت پیشرفت پر اظہاراطمینان

راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات،سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش فت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی رابطوں کو مؤثر بنانے سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کو سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ سعودی سفیر کی تعیناتی سے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اوراسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو دونوں ممالک کی شراکت داری کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے، دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات

ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو بھی دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مشاورت اور رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔