وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ملک میں الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بجلی چوری والے علاقوں کے ٹرانسفارمرز بند کیے جا سکیں گے، جبکہ اسی فیڈر سے بجلی حاصل کرنے والے دیگر صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔
ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جائے گا، تاہم حکومت نے صارفین کو بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین 3 روپے 44 پیسے کے اضافی بوجھ سے بچ گئے
اویس لغاری کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت کی جا رہی ہے اور جن فیڈرز پر لائن لاسز کی شرح 30 فیصد یا اس سے زیادہ ہے، وہاں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری سے متاثرہ علاقوں میں الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (ای پی ایم ایس) کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ اس نظام کے ذریعے متعلقہ ٹرانسفارمرز کو بند کیا جا سکے گا، جس سے بجلی چوری والے علاقوں کے خلاف کارروائی کے دوران اسی فیڈر کے دیگر صارفین بجلی کی بندش سے متاثر نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت پیدا ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔
اویس لغاری نے ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے سے متعلق بتایا کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے پر ساڑھے 5 ارب روپے لاگت آئے گی اور اسے جنوری 2028 تک مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:نیلم،74سالوں بعد شاردا کے کئی گائوں میں بجلی فراہمی کیلئے بڑی پیشرفت
انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ 4 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں کینسر اسپتال، سیوریج کے نظام کی بہتری اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔




