فیلڈ مارشل عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات،سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی: روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و روس کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی روابط کے فروغ اور رابطہ کاری کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

دونوں جانب سے سکیورٹی سمیت مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان سکیورٹی تعاون اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔