مظفرآباد: کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیر صدارت مظفرآباد شہر میں ٹریفک مسائل کے حل اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی راجہ شہریار سکندر، ڈپٹی کمشنر عاصم خالد اعوان و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اندرونِ شہر ٹریفک کے حجم کو کنٹرول کرنے اور مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک پارکنگ کا سدِباب کیا جائے تاکہ رش کے اوقات میں گاڑیوں کا بے ہنگم داخلہ ممنوع قرار دیتے ہوئے ون وے کے اصول کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر باغ نے ہائی وے ایکٹ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر سخت ایکشن کا حکم دے دیا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی شاہراہوں، چوک چوراہوں کے اطراف ریڑھی ڈھابوں جات کا خاتمہ کیے جانے کی نسبت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور صرف مختص کردہ جگہ اور سائٹ سلیکشن پر ہی ریڑھیاں لگانے کی اجازت دی جائے۔
سکول، کالجز کے اوقاتِ کار کے دوران ٹریفک کے متبادل روٹ کے تعین کے سلسلہ میں ٹریفک پلان مرتب کرتے ہوئے جامع اور قابلِ عمل تجویز پیش کی جائے،صرف منظور شدہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈہ جات کو برقرار رکھتے ہوئے غیر قانونی اڈہ جات کی بیرونِ شہر منتقلی کے سلسلہ میں مناسب جگہ تجویز کرتے ہوئے ٹریفک روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے، رانگ پارکنگ کے مرتکب افراد کے خلاف جرمانہ عائد کرتے ہوئے مطابق قانون دیگر کارروائی ضابطہ عمل میں لائی جائے۔ مظفرآباد شہر کی مرکزی شاہراہوں پر Entry & Exit کے سائن بورڈ نصب کیے جائیں گے۔
شہر میں موجود تمام مین شاہراہوں پر روٹ تعین کرنے کے لیے edge lines لگائی جائیں گی۔ مین شاہراہوں پر (جہاں ناگزیر ہو) U-turn بنائے جانے کے حوالہ سے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور : پہلے پارکنگ پلازہ کی تعمیر تیز، ٹریفک مسائل حل، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں پرنٹ / الیکٹرونک میڈیا پر آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متبادل نئی سڑکوں / بائی پاسز کی تجویز ارسال کی جائیں گی۔
اس سلسلہ میں ضلعی افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو سفارشات تیار کر کے پیش کریگی۔




