ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں پھر توسیع

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی۔

ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوار ے جمع کرنے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 45 فیصد اضافہ

اس سے قبل ایف بی آر نے 30 ستمبر کو ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کی تھی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تجارتی تنظیموں کی درخواست پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقےکے علاوہ 45 لاکھ سے زائد افرادنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جب کہ 22 لاکھ سے زائد تنخواہ دار افراد نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس اس مدت میں انکم ٹیکس گوشوارےجمع کرانے والوں کی تعداد 52 لاکھ سے زائد تھی۔

یہ بھی پڑھیں:انلینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع، نوٹیفیکیشن جاری

ذرائع کے مطابق چھوٹے دکانداروں کی اسکیم کے تحت 1473 تاجروں نےٹیکس گوشوارے جمع کرائے، 137نئےاور 1336موجودہ تاجروں نےاسکیم کے تحت گوشوارے جمع کرائے۔

ذرائع کے مطابق 2875 دکانداروں نے ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کرائی ہے۔