مظفرآباد میں فری آئی کیمپ،سیکڑوں مریضوں کا معائنہ، آپریشن، ادویات اور عینکیں فراہم

  مظفرآباد میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ایک روزہ مفت آئی کیمپ منعقد کیا گیا، جہاں سیکڑوں مریضوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ ضرورت کے مطابق مفت آپریشن، ادویات اور عینکیں فراہم کی گئیں۔

 20 رکنی ماہر طبی ٹیم نے خدمات انجام دیں، جبکہ آپریشن کروانے والے مریضوں کے لیے 7روز بعد مفت معائنے کی سہولت بھی رکھی گئی۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) سعید الرحمن قریشی مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ایڈیشنل چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع خواجہ نذیر احمد، حلقہ سات لیپہ کے امیدوار قانون ساز اسمبلی شوکت جاوید میر، سابق سیکرٹری بلدیہ سید شکیل گیلانی، شیخ محمد ہارون، محمد فاروق میر، سمیرا بیگ، سید منظور حسین شاہ کاظمی، حامد رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے راجہ نعمان شفیق اور خادم حسین قریشی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم کے 6 مقامات پر جسمانی بحالی کیمپ، تاریخیں جان لیں

ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے سعید الرحمن قریشی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور مالی مشکلات کے باعث کسی مریض کو علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ مفت آئی کیمپ جیسے اقدامات مستحق افراد کے لیے امید اور سہولت کا ذریعہ ہیں۔ مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے ایسے منصوبوں کی سرپرستی کرنی چاہیے تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت طبی سہولتیں میسر آ سکیں۔

ایڈیشنل چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع خواجہ نذیر احمد نے کہا کہ خدمتِ خلق صرف مالی امداد تک محدود نہیں، بلکہ ضرورت مند انسان کو صحت کی سہولت اور بہتر زندگی کی امید فراہم کرنا بھی حقیقی سماجی خدمت ہے۔ انہوں نے فلاحی اداروں پر زور دیا کہ وہ صحت کے شعبے میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں تاکہ معاشرے کے محروم طبقات کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

حلقہ سات لیپہ کے امیدوار قانون ساز اسمبلی شوکت جاوید میر نے کہا کہ مہنگائی اور علاج کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے آنکھوں کا علاج اور آپریشن کروانا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے حالات میں مفت طبی سہولتوں کی فراہمی قابلِ تحسین ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فلاحی منصوبوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے تاکہ دور دراز علاقوں کے ضرورت مند افراد بھی علاج کی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔

 صدر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی عتیق احمد کیانی نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے سال میں دو مرتبہ مفت آئی کیمپ منعقد کیا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد مالی وسائل کی کمی کے باعث علاج سے محروم رہ جانے والے مستحق مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاردہ : کورٹ اور پاک فوج کے اشتراک سے میڈیکل کیمپ، ہزاروں مریضوں کا معائنہ

انہوں نے کہا کہ کیمپ میں مفت معائنے، آپریشن، ادویات، عینکوں اور دیگر ضروری طبی سامان کی فراہمی کے ساتھ آپریشن کروانے والے مریضوں کے لیے سات روز بعد مفت معائنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ علاج کے بعد ان کی نگہداشت جاری رکھی جا سکے۔