ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان شائے ہوپ نے بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز میں مسلسل شاندار کارکردگی اور مین آف دی میچ ایوارڈز حاصل کرنے کے بعد دلچسپ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان ایوارڈز کو وطن واپس لے جانا بھی ایک مسئلہ بن سکتا ہے۔
شائے ہوپ ان دنوں دورۂ بھارت کے دوران بہترین فارم میں ہیں اور ون ڈے انٹرنیشنل کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقی کرکٹرچاڈ لیکاک کی ایک اوورمیں 5 وکٹیں
انہوں نے ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں اسکور کیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی دو سنچریاں بنا کر اپنی غیر معمولی فارم کا ثبوت دیا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان اب تک بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز میں تین مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی نے انہیں دورے کے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل کردیا ہے۔
ایوارڈز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شائے ہوپ نے مزاحیہ انداز اپنایا اور کہا کہ سچ یہ ہے کہ یہ ایوارڈز کافی بھاری ہیں اور اب سامان کے وزن کا خیال رکھنا پڑے گا۔
ان کے بقول، انہیں لگتا ہے کہ وطن واپسی پر ان ایوارڈز کو ساتھ لے جانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
ان کے اس تبصرے کو ان کی حالیہ کامیابیوں کے تناظر میں ایک دلچسپ جملہ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ مسلسل ایوارڈز حاصل کرنے کے باعث انہیں اپنے سامان میں اضافی وزن کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میزبان ٹیم نے دو ایک سے جیتی تھی۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے، جو اب تک دو دو سے برابر ہے۔
سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ ہفتے کو شیڈول ہے، جس میں دونوں ٹیمیں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار، شیڈول سامنے آگیا
شائقین کرکٹ کی نظریں اس اہم مقابلے پر مرکوز ہیں جبکہ شائے ہوپ کی فارم ویسٹ انڈیز کے لیے اُمید کی کرن ہے۔




