اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہبازشریف کی سفارش پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کے بیرون ملک دوروں کی منظوری دے دی جس کے تحت دونوں اعلیٰ عدالتی عہدیدار اکتوبر میں مختلف ممالک کا دورہ کریں گے۔
ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو برطانیہ، جنوبی کوریا اور جاپان کے دوروں کے لیے این او سی اور بیرون ملک قیام کے دوران رخصت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت میں انتخابی اصلاحات اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے پر مظاہرے
ان کے دوروں کے لیے 14 سے 21 اکتوبر اور 27 اکتوبر سے 4 نومبر 2026 کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت پاکستان جسٹس امین الدین خان کے دورہ آذربائیجان کی بھی منظوری دی ہے۔
جسٹس امین الدین خان 19 سے 22 اکتوبر 2026 تک آذربائیجان میں ہونے والی ترک دنیا کی آئینی عدالتوں اور آئینی دائرہ اختیار رکھنے والے اداروں کی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
یہ منظوری وزیراعظم کے مشورے پر دی گئی ہے جبکہ ایوان صدر نے دونوں عدالتی سربراہان کے بیرون ملک دوروں سے متعلق تفصیلات باضابطہ اعلامیے کے ذریعے جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور کشمیر کا تعلق انمٹ ،ہم پہلے پاکستانی ہیں پھر کشمیری ہیں، چیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم




