پاکستانی سکول کرکٹ میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ نے شاندار سنچری اسکور کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
سابق آسٹریلوی لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ سے نام کی مماثلت اور کھیلنے کے انداز کے باعث یہ نوجوان کرکٹر سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گیا ہے جبکہ اس کی کارکردگی نے کرکٹ حلقوں میں نئی دلچسپی پیدا کردی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی20، ویسٹ انڈیز نے بھارت کا بھرکس نکال کر تاریخی فتح سمیٹ لی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام برائے سکول کرکٹ چیمپئن شپ انڈر 17 کے ایک میچ میں ایڈم گلکرسٹ نے کامران پبلک اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ہیپی پیلس گرامر سکول کراچی کے خلاف بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
اوپنر کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے انہو ں نے 108 گیندوں پر 117 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے جبکہ وہ 145 منٹ تک کریز پر موجود رہے۔
ایڈم گلکرسٹ کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کامران پبلک اسکول نے مقررہ 40 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔
جواب میں حریف ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور کامران پبلک اسکول نے یہ مقابلہ 172 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا۔اس نوجوان کھلاڑی کے نام کے پیچھے بھی کرکٹ سے دلچسپ وابستگی موجود ہے۔
ان کی والدہ نے ان کا نام ایڈم رکھا جبکہ کرکٹ سے محبت کے باعث ان کے والد نے نام کے ساتھ گلکرسٹ کا اضافہ کردیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معاذ اور فرحان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا
ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکا کے سابق عظیم وکٹ کیپر بیٹر کمار سنگاکارا جیسا کھلاڑی بننا چاہتے ہیں، جو ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔نوجوان بیٹر نے پی سی بی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو سراہا ۔




