مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس، پاکستان ایئر فورس کے قابل فخر آفیسر ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی تاریخی خلائی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش ، مبارکباد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ممبر اسمبلی ناصر حسین ڈار نے قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اساتذہ کا دیرینہ خواب پورا،محکمہ تعلیم کا بڑا اقدام، 118 اساتذہ کی ٹائم سکیل ترقیابی منظور
قرارداد میں کہا گیا کہ آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو 25 نومبر 2026 کو چین کے شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے کامیابی سے زمین کے مدار میں پہنچنے پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔
قرارداد کے مطابق وہ زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں داخل ہونیوالے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔
ایوان نے اس کامیابی کو پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز اور سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور خلائی علوم کے شعبوں میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
قرارداد میں ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت، عزم، حوصلے اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
قرارداد میں حکومت پاکستان، پاکستان ایئر فورس، سپارکو اور چین کی حکومت و متعلقہ خلائی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گیلانی حکومت کاایکسپریس وے،سکالرشپ،لیپ ٹاپ ، قرضہ جات سمیت اہم منصوبوں کا اعلان
جن کی بدولت پاکستان کو خلائی تحقیق کے عالمی میدان میں یہ تاریخی اعزاز حاصل ہوا۔
ایوان نے اس کامیابی کو پاکستان کے نوجوانوں، بالخصوص طلبہ و طالبات کیلئے روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ محنت، قابلیت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
قرارداد میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان مستقبل میں خلائی تحقیق، جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید ترقی کرے گا اور عالمی سطح پر اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔
قرارداد کے مطابق محمد ذیشان علی نے اپنی کامیابی سے نہ صرف خلائی میدان میں نئی تاریخ رقم کی بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے خوابوں، امیدوں اور قومی وقار کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
ایوان نے متفقہ طور پر ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو ان کی غیر معمولی اور تاریخی کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں پوری پاکستانی قوم، بالخصوص ریاست آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔




