کور کمانڈرز کانفرنس: نو مئی دہرایا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے،دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔

کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے آلۂ کار کے طور پر دہشت گردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔

فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کو سراہا۔

شرکاء کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں۔

کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

کور کمانڈر کانفرنس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات اور عوامل پر مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیرِ سایہ چلنے والے کرائم ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا، پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔

کور کمانڈر کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلاجھجک نمٹا جائے گا۔

فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اس کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جامعہ آزاد جموں و کشمیر کا عالمی جامعات درجہ بندی میں نمایاں اعزاز، شاندار پوزیشن

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء کانفرنس کا سعودی عرب کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا گیا۔

شرکاء کانفرنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے۔ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔

قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔