نئی کییا اسٹونک سستی؛ پاکستان میں قیمت کا اعلان اور بکنگ کا آغاز

عام طور پر جب گاڑی کا نیا ماڈل مارکیٹ میں آتا ہے تو اس کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے، مگر کییا (Kia) نے اس بار حیران کن طور پر نئی اسٹونک کی قیمت پرانے ماڈل سے کم رکھی ہے اور اس کی بکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ گاڑی پہلی بار PAPS 2026 میں پیش کی گئی تھی، اور اب کمپنی نے اس کی قیمت اور بکنگ سے متعلق تمام تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

نئی کییا اسٹونک کی قیمت اور ویریئنٹس کی تفصیل:

نئی کیا اسٹونک دو مختلف ویریئنٹس میں دستیاب ہوگی، جن میں ٹربو ایکس کی قیمت 54 لاکھ 99 ہزار روپے اور ٹربو ایس کی قیمت 58 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پرانی اسٹونک تقریباً 60 لاکھ روپے میں فروخت ہوتی تھی، اس طرح نئی گاڑی زیادہ جدید ہونے کے باوجود کم قیمت پر پیش کی گئی ہے جو آٹوموبائل انڈسٹری میں ایک غیر معمولی قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل اے جی ایس کا نیا اقساط پلان سامنے آ گیا

بکنگ کا طریقہ کار اور دیگر شرائط:

کییا (Kia) نے صارفین کے لیے قیمت محفوظ رکھنے یعنی پرائس لاک کی سہولت فراہم کی ہے، جس کے تحت نومبر اور دسمبر 2026 کی ڈیلیوری کے لیے بکنگ کے وقت مکمل ادائیگی کرنا ہوگی تاکہ خریداروں کے لیے قیمت محفوظ رہے۔ اس کے علاوہ دسمبر 2026 کے بعد کی ڈیلیوری چاہنے والوں کے لیے 10 لاکھ روپے کی جزوی بکنگ کی سہولت بھی موجود ہے، البتہ یہ بات بھی اہم ہے کہ اگر مستقبل میں کوئی نیا ٹیکس یا لیوی عائد ہوتی ہے اور قیمت بڑھتی ہے، تو اضافی رقم ڈیلیوری کے وقت خریدار کو خود ادا کرنا ہوگی۔

گاڑی کا بالکل نیا روپ اور جدید ڈیزائن:

یہ گاڑی صرف فیس لفٹ نہیں بلکہ پہلی نسل کی اسٹونک کا مکمل نیا روپ ہے جسے عالمی سطح پر 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ گاڑی کییا کی “Opposite United” ڈیزائن لینگویج پر مبنی ہے اور اس کی شکل کمپنی کی نئی الیکٹرک گاڑیوں سے ملتی ہے۔ بیرونی حصے میں اسٹار میپ لائٹنگ کے ساتھ عمودی ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس اور پچھلی جانب سی (C) شکل کی ٹیل لائٹس دی گئی ہیں، جبکہ اندرونی طور پر کیبن کو نئے سرے سے تیار کر کے ڈیش بورڈ پر دو پینورامک اسکرینز لگائی گئی ہیں اور فزیکل بٹنز کی جگہ ٹچ سینسیٹو کنٹرولز نے لے لی ہے۔

انجن میں بڑی تبدیلی اور تکنیکی خصوصیات

گاڑی میں سب سے بڑی تبدیلی اس کے انجن کے حوالے سے کی گئی ہے جہاں پرانا 1.4 لیٹر نیچرلی ایسپریٹڈ انجن اب ختم کر دیا گیا ہے اور نئی اسٹونک صرف 1.0 لیٹر ٹربو انجن کے ساتھ پیش کی جائے گی۔ اس گاڑی میں 1.0 لیٹر ٹربو GDI پیٹرول انجن دیا گیا ہے جو 99 ہارس پاور اور 172 این ایم ٹارک پیدا کرتا ہے، جبکہ اس میں 7 اسپیڈ ڈوئل کلچ (DCT) ٹرانسمیشن اور فرنٹ وہیل ڈرائیو ٹرین موجود ہے۔ اس کی لمبائی 4,165، چوڑائی 1,760 اور اونچائی 1,520 ملی میٹر ہے جبکہ اس کا وہیل بیس 2,580 ملی میٹر، گراؤنڈ کلیئرنس 183 ملی میٹر اور سیٹوں کی تعداد 5 ہے اور اس میں 17 انچ کے الائے ویلز لگائے گئے ہیں۔ اس سیگمنٹ میں کییا اسٹونک کا مقابلہ مارکیٹ میں پہلے سے موجود سوزوکی فرونکس اور چیری کیو سے ہوگا۔