وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تمام حجاج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج کی عظیم سعادت حاصل کرنے والے مسلمان پورے عالمِ اسلام اور دنیا بھر میں امن، سلامتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج پاکستان کے استحکام، ترقی اور سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں تاکہ ملک مزید مضبوط اور خوشحال ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:اے ایمان والو! تقویٰ اختیار کرو، جن قوموں نے ظلم اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں، خطبہ حج
وفاقی وزیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کو بہترین حج انتظامات پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں جبکہ حج مشن پوری لگن اور عزم کے ساتھ عازمین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو پوری دنیا میں عزت و وقار عطا کیا ہے، اس نعمت پر شکر ادا کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:2026میں کونسی پاکستانی سیلیبرٹیز نے حج کی سعادت حاصل کی؟
انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کے لیے بھی خصوصی دعائیں کریں تاکہ ملک ہمیشہ امن و استحکام کی راہ پر گامزن رہے۔




