صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے میں موجود بحری جہاز اونرز25کے خلاف پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس کے آپریشن کے دوران فرار ہوتے قزاقوں نے مغوی عملے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 3پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:صومالیہ اور یمن میں بحری قزاقوں کا 2 جہازوں پر قبضہ،22 بھارتی ملاح لاپتہ
بحری جہاز ز25کے خلاف پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس کے آپریشن کے دوران صورتِ حال اس وقت خونریز ہوگئی جب فرار ہوتے قزاقوں نے مغوی عملے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
بحری جہاز کے بچ جانے والے عملے کے مطابق قزاقوں کی فائرنگ سے عملے کے 5افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری شامل ہے۔
جاں بحق پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور رفیع اللہ خان شامل ہیں جبکہ بھارتی شہری تنویر اور میانمار کا چیف انجینئر بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
واقعے کے دوران عملے کے 5افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں سیکنڈ انجینئر حسین یوسف، فورتھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشی شہری شامل ہیں۔
سیکنڈ انجینئر حسین یوسف کے مطابق فائرنگ اور جھڑپ کے دوران بحری جہاز کا اسٹیئرنگ سسٹم بھی خراب ہوگیا جس کے بعد اسے ایک دوسرے جہاز کی مدد سے باندھ کر لے جایا جا رہا ہے۔
جاں بحق پاکستانیوں کے اہلِ خانہ نے شکوہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور انہیں واقعے کی اطلاع جہاز پر موجود دیگر پاکستانیوں سے ملی۔
اہلخانہ کے مطابق شدید گرمی کے باعث جاں بحق افراد کی لاشیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے میتیں بحفاظت پاکستان منتقل کرے۔
یہ بھی پڑھیں:ایئرلائنز پر پابندی برقرار رہی تو خطے میں کوئی جہاز نہیں اڑسکے گا: ایران کی دھمکی
ورثا نے کہا ہے کہ زندہ افراد کی بازیابی میں ناکامی کے بعد اب کم از کم جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ 21 اپریل کو صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں نے جہاز اونر25پر حملہ کرکے عملے کو یرغمال بنا لیا تھاجن میں 11 پاکستانی ملاح بھی شامل تھے۔ واقعے کے بعد جہاز قزاقوں کے قبضے میں چلا گیا تھا۔




