مہنگائی

ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان، سبزیاں، پھل، گوشت اور آٹا مزید مہنگے

ملک بھر میں مہنگائی کا شدید طوفان آ گیا ہے جس کے نتیجے میں سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سرکاری نرخ نامے محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گئے ہیں اور شہری مہنگے داموں اشیائے ضروریہ خریدنے پر مجبور ہیں۔

لاہور میں سبزیوں کی قیمتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ پیاز کا سرکاری ریٹ 195 روپے جبکہ کھلے بازار میں یہ 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹماٹر کا سرکاری نرخ 150 روپے، شملہ مرچ 280 روپے، کریلا 220 روپے اور گوبھی 180 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے کے آفٹر شاکس،مہنگائی شرح میں ہوشربا اضافہ

دوسری جانب فیصل آباد میں بھی گوشت کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرکاری نرخ کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے بیف 1150 روپے کے بجائے 1500 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ مٹن کی سرکاری قیمت 2100 روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 3000 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

پشاور اور کوئٹہ میں آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ:

پشاور میں آٹا بھی مہنگا ہو گیا ہے جہاں 20 کلو کے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد فائن آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3150 روپے کا ہو گیا ہے۔ ادھر کوئٹہ میں بھی مہنگائی کے باعث ٹماٹر 40 روپے، پیاز 20 روپے اور بھنڈی 30 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی ہے، جبکہ مٹر کی قیمت میں بھی 50 روپے فی کلو کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔