بالائی علاقوں کیلئے بارشوں کا الرٹ جاری، کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

 این ڈی ایم اے نے آج ہفتہ سے 30ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے آزادکشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسمی خطرات سے خبردار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:مانسہرہ اور بٹگرام میں طوفابی بارش، سیلابی ریلوں سے تباہی،2افراد جاں بحق،2بچے لاپتہ

این ڈی ایم اے کے مطابق 25اور 26ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

الرٹ میں تیس ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری مکمل رکھنے، ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل تیار رکھنے جبکہ بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔