ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق ضلع سدھنوتی کے علاقے پلندری سے ہے، اور وہ 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم نامور تعلیمی ادارے ایچی سن کالج سے حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے معروف تدریسی ادارے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی۔
ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا تعلق ایک ایسے سیاسی اور حریت پسند گھرانے سے ہے جن کی خطے کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔ ان کے والد کرنل محمد نقی خان آزاد کشمیر کے وزیر صحت و خوراک اور قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے، جبکہ ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو تاریخ میں “بابائے پونچھ” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی نے اپنے والد کے انتقال کے بعد 1990 کی دہائی میں عملی سیاست کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وہ 1991 سے 1996 تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور اس دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و منصوبہ بندی و ترقیات کے فرائض انجام دیے۔ اس کے بعد وہ 1996 سے 2001 تک قانون ساز اسمبلی کے رکن اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن رہے۔ انہوں نے 2001 سے 2006 تک آزاد جموں و کشمیر کونسل کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب : ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر نئے صدر منتخب
اپنے سیاسی سفر کے اگلے مراحل میں، وہ 2006 سے 2011 تک قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے اور اس دوران وزیر صحت، تعلیم اور آئی ٹی کے اہم قلمدان پر فائز رہے۔ اس کے بعد 2011 سے 2016 تک وہ ایک بار پھر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن رہے۔ سال 2016 کے عام انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 21 سدھنوتی پونچھ سے پچیس ہزار سات سو بتیس (25,732) ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ اس دور حکومت میں 2016 سے 2021 تک وہ آزاد کشمیر حکومت میں وزیر صحت اور وزیر خزانہ رہے، جبکہ انہیں ترقیاتی و منصوبہ بندی کے شعبے کا قلمدان بھی سونپا گیا۔
مجموعی طور پر وہ صحت، تعلیم، آئی ٹی، خزانہ اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں اہم حکومتی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مختلف ادوار میں پانچ مرتبہ رکن رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آزاد کشمیر اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نائب صدر کے طور پر بھی سیاسی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ 2026 کے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے انہیں حلقہ پلندری سے ٹکٹ جاری کیا تھا، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس حلقے میں انتخابی عمل مکمل نہ ہو سکا۔ حال ہی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے انہیں صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا، اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق قائدِ مسلم لیگ (ن) نے خود انہیں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد وہ بھاری اکثریت سے ریاست کے نئے صدر منتخب ہو چکے ہیں۔




