وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی نیویارک میں ملاقات ہوئی، پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کے بعد کینیڈا نے بھی ایران پر پابندیاں عائد کردیں
نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا، دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں ممالک نے علاقائی امن، خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کےلیے تحمل اور سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ایم او یوکے تحت مفاہمت پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، ساتھ ہی علاقائی امن کےلیے مخلصانہ کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایرانی صدر نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی دیرینہ مضبوطی پر زور دیتے ہوئے تعاون کے فروغ کےلیے ایران کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد غیر متوقع واقعات سے امن عمل متاثر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا ایران اُس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان پاکستان مخلص اور دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، کوشش ہے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جائے، پوری توجہ اسی معاملے پر ہے، امید نہیں چھوڑی ہے۔
امریکی اور ایرانی صدور کے درمیان ملاقات کے سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جاری عمل ہے، تمام دوست ممالک امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے اہم ملاقات، اصلاحات آگے بڑھانے کا عزم
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ اسلام آباد میمورنڈم آج بھی انہیں قبول ہے اور اسلام آباد میمورنڈم آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ ہم نے ایرانی صدر کو کہا ہے خطے میں امن کا قیام ضروری ہے،پاکستانی قیادت امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔




