فیول ریلیف اسکیم پر عمل نہ کرنے والے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے فیول ریلیف اسکیم کے تحت صارفین کو ریلیف سے محروم کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی اور فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر کے 10 ہزار پیٹرول پمپس میں سے 8500 سے زائد پمپس کو ادائیگیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، نوٹیفکیشن جاری

اس موقع پر وزیر پیٹرولیم نے ایندھن کی مسلسل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہونے یا سڑکیں بند ہونے کی صورت میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے، اور جو پمپس صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں رکاوٹ بنیں گے یا اس سے محروم رکھیں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں شریک ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایندھن کی سپلائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کو بھی یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈپوؤں پر اضافی ذخیرہ ہر وقت یقینی بنائے۔