پی ٹی آئی احتجاج،حکومت کا موٹروے سمیت اہم شاہرات بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث حکومت نے پشاور اسلام آباد موٹروے ایم ون تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک بدھ کی شام سے ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔

اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول اور سنگجانی انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کر دیئے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داؤد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔

موٹروے پولیس کے مطابق کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ کل شام سے جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کیلئے بند کیا جائے گا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ تاہم اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے شہری ایم ون موٹروے پر سفر کرنے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی عمران خان کی رہائی کیلئے 27ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔عمران خان کی تینوں بہنوں کو بھی ایم پی او تھری کے تحت 30 روز کیلئے نظر بند کر دیا گیا ہے۔

جبکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں کے اطراف کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں۔