پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حلقہ انتخاب میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہاکہ افتخار گیلانی ہم سے الگ نہیں بلکہ ہمارے چھوٹے عزیز ہیں، اسے اللہ تعالیٰ نے عزت دی ، ہم اس کیساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادر نے سوشل میڈیا پر وائرل خط اے آئی سے بنا قرار دیدیا
ان کا کہنا تھا کہ جماعت ہے تو ہم ہیں اور پارٹی کے اندر رہتے ہوئے اختلاف رائے کیا جا سکتا ہے اور ہم نے اختلاف رائے کیا ،ہم افتخار گیلانی کیساتھ اس لئے ہیں کہ ہم چور دروازے والوں کو روکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہال کے اندر ہم جتنا مرضی ایک دوسرے سے اختلاف کریں لیکن باہر جاکر پیغام دینا ہے ، ہم ایک ہیں، حکومت اپنی پانچ سالہ مدت کے دوران عوام کے مسائل حل کرے گی، مریم نواز کی جانب سے دئیے گئے 100 روزہ منصوبے پر ضرور عملدرآمد ہوگا۔
3ماہ 10دن کے پروگرام میں28ارب اخراجات آئیں گے جو حکومت پاکستان دیگی، انتظامیہ سمیت کسی کی جرآت نہیں ہےکہ وہ مسلم لیگ( ن ) کے کارکن کےساتھ بدتمیزی کریں۔
شاہ غلام قادر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت عوامی مسائل کے حل اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت اپنا کام جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد، وزیراعظم افتخار گیلانی سے پی ایم ہاؤس میں سینکڑوں افراد کی ملاقات
واضح رہے کہ شاہ غلام قادر نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے پر پارٹی کے فیصلے سے اختلاف کیا تھااور وزیراعظم کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا تھا تاہم اب انہوں نے وزیراعظم افتخار گیلانی کو ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے جسے بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شاہ غلام قادر کے بیان کو انکا بڑا پن قرار دیا جا رہا ہے۔




