حویلی (رپورٹ: حماد الحسنین، کشمیر ڈیجیٹل) حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (HDF) کے زیر اہتمام، ترکیہ کی ٹیکا ایجنسی (TİKA) اور پی پی ایف کے تعاون سے یونین کونسل کالامولا میں زعفران کی کاشت کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کے دوران زعفران کی کاشت کے لیے اراضی کا تعین اور کاشتکاروں کے انتخاب کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں کاشتکاروں اور ان کی زمینوں کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں منتخب خواتین و حضرات کو زعفران کی کاشت کے حوالے سے تربیت دی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور:وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام، پٹرول پمپس کی فہرست جاری
دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں محکمہ زراعت کے افسران، ایگریکلچر آفیسر سید وقار بخاری اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسرار احمد گیلانی نے کاشتکاروں کو زعفران کی کاشت کے جدید طریقوں، زمین کی تیاری اور دیگر اہم امور پر تربیت فراہم کی۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد زعفران کی کاشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی معاشی حالت بہتر بنانا اور کاشتکاروں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر کاشتکاروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زعفران کی کاشت کے حوالے سے مکمل معلومات نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم اس تربیتی ورکشاپ کے ذریعے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محنت اور لگن سے اس منصوبے کو کامیاب بنائیں گے اور زعفران کی پیداوار کے شعبے میں اپنا نام روشن کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: تمام کالجز میں ہفتہ وار دو چھٹیاں،نوٹیفکیشن جاری
ورکشاپ کے اختتام پر کاشتکاروں کو زعفران کی کاشت کے لیے بیڈز کی تیاری، زعفران لگانے کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا اور عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔
اس دوران ٹیکا ایجنسی کی جانب سے کاشتکاروں کو زعفران کے بیج اور ضروری زرعی آلات پر مشتمل کٹس فراہم کرنے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کاشتکاروں نے حمزہ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن، ٹیکا اور پی پی ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ منصوبے کی کامیابی اور تکمیل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔




