آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل، نئی حکومت کا آغاز اور نوجوانوں کی امیدیں

مظفرآباد : آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جہاں مسلم لیگ نون کو برتری حاصل ہوئی اور نئی حکومت نے بھی اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کی قیادت میں حکومت کی جانب سے اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کے لیے سو روزہ پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ کابینہ کے ارکان بھی حلف اٹھا چکے ہیں۔ اس نئی حکومت سے نوجوانوں کی کیا امیدیں وابستہ ہیں، اس حوالے سے مظفرآباد کے شہریوں خصوصاً نوجوانوں کی آراء سامنے آئی ہیں۔

نوجوانوں کے تاثرات اور ترقیاتی توقعات:

مظفرآباد کے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے بننے میں کافی وقت لگا اور بہت ساری چیزیں نارمل پریکٹسنگ کے طور پر دیکھی گئیں، لیکن چونکہ ایک نوجوان پرائم منسٹر بنے ہیں اس لیے بحیثیتِ نوجوان اس حکومت سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں۔ بعض کا خیال ہے کہ نون لیگ کی پالیسیوں کے پیش نظر یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ نوجوانوں کی تمام تر امیدوں کی ترجمانی کر سکے گی یا تمام تر امیدوں کو پورا کر سکے گی، تاہم پھر بھی ملکی حالات کے تناظر میں یہ امید کی جا سکتی ہے کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے نئے نوکریوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اصلاحاتی پروگرام صرف آغاز ،ترقی کا سفر ہر گھر کی دہلیز تک پہنچائیں گے،افتخارگیلانی

شہریوں کے مطابق نوجوانوں کو برسرِ روزگار کرنے کے لیے ٹورازم جیسی انڈسٹریز کو ڈویلپ کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔ چونکہ منتخب ہونے والے وزیراعظم خود ایک نوجوان ہیں، اس لیے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نوجوانوں کے روزگار میں بہتری لانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ حکومت کے حوالے سے تاثرات خوش آئند ہیں کہ بیرونِ ملک مقبیم افراد، بزرگوں اور نوجوانوں کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سو روزہ پلان اور مستقبل کا منظرنامہ:

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ سو روزہ پلان جس میں نوجوانوں، بیرونِ ملک مقیم افراد اور بڑے لوگوں کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے، وہ کسی نہ کسی حد تک پورا ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے اور امید ہے کہ بہت جلد یہاں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔ نئی حکومت کے ان اصلاحاتی اور ترقیاتی اقدامات سے آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص نوجوان طبقے کی نظریں اب اس سو روزہ پلان کے عملی نفاذ پر مرکوز ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چھوٹی گاڑیوں،موٹرسائیکل، رکشہ فی لیٹر 100 روپے ریلیف کا اعلان