مظفرآباد (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے انتخاب کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر ممبر خواجہ محمد احسن اور ممبر سید نظیر الحسن گیلانی بھی موجود تھے۔
اعلان کردہ شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر کا انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا، جبکہ صدرِ آزاد جموں و کشمیر کا یہ انتخاب اکثریت کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے گا۔
کاغذاتِ نامزدگی اور جانچ پڑتال کا طریقہ کار:
صدارتی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 19 ستمبر کو جمع ہوں گے۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ریٹرننگ آفیسر اور چیف الیکشن کمشنر کے پاس جمع کرا سکیں گے۔ اسی روز یعنی 19 ستمبر کو ہی چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11:30 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ غلام قادر کو صدرِ ریاست بنانے کی خبریں بے بنیاد ہیں: مسلم لیگ ن آزادکشمیر
پولنگ اور نتائج کا شیڈول:
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی۔ پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسی روز ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور حتمی نتائج کا اعلان بھی اسی روز کر دیا جائے گا۔




