میامی ایئرپورٹ پر ایمیزون کارگو طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک

میامی (کشمیر ڈیجیٹل)میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون پرائم ایئر کا کارگو طیارہ رن وے کی حدود سے نکل کر پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

طیارہ 32 سال پرانا بوئنگ 767-300 فریٹر تھا، جو 1994 سے 2015 تک مختلف ایئرلائنز کے لیے مسافر طیارے کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایمیزون ایئر کا کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر متعدد گاڑیوں سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

رائٹرز کیمطابق حادثہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب پرواز 7598 لینڈنگ کے دوران رن وے سے باہر نکل گئی وہاں موجود متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

مزید یہ بھی پڑھین:سپریم کورٹ:ڈاکٹر عامر شہزاد کی بطور ڈی ایچ او تعیناتی چیلنج

میامی ڈیڈ فائر چیف رے جاداللہ نے رائٹرز کو بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 5 افراد میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

طیارے کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں کم از کم 2 افراد پھنس گئے جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی کاک پٹ میں پھنس گئے۔

حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ پائلٹ اور معاون پائلٹ حادثے میں محفوظ رہے یا نہیں ۔۔

ہلاک ہونے والے تمام افراد زمین پر موجود گاڑیوں میں سوار تھے ، طیارے میں کتنے لوگ سوار تھے ۔ تاحال ابھی تک سرکاری سطح پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ۔

حادثے کے بعد آسمان پر دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے جبکہ طیارے سے ایندھن کا اخراج جاری رہا۔ ریسکیو اہلکاروں کو ایک شخص کو گاڑی کے نیچے سے بھی نکالنا پڑا۔

میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے مطابق حادثے کے بعد 60 سے زائد ریسکیو یونٹس اور تقریباً 200 اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔

مزید یہ بھی پڑھین:آزاد کشمیر:ہزاروں طلبہ وطالبات کا مستقبل خطرے میں،فوری اقدامات کا مطالبہ

حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر تمام پروازیں روک دی گئی تھیں تاہم اتوار کی شام تک ایئرپورٹ کے 4 میں سے 2 رن وے دوبارہ کھول دیے گئے۔

ایمیزون نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمپنی متاثرہ خاندانوں اور دیگر افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور تحقیقات میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

کمپنی کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ کارگو کمپنی 21 ایئر چلا رہی تھی، جو ایمیزون ایئر کیلئے پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔

فلائٹ ٹریکنگ سروس فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارہ 32 سال پرانا بوئنگ 767-300 فریٹر تھا، جو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے روانہ ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہی طیارہ 1994 سے 2015 تک مختلف ایئرلائنز کے لیے مسافر طیارے کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا تھا۔