محمد اورنگزیب

ملکی معاشی استحکام کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانا ہوگا،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

Pakistan SCO Summit 2026

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جبکہ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے نجی شعبے کو فعال کردار دینا ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور ترقی کیلئے نجی شعبے کی شمولیت انتہائی اہم ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس، توانائی اور پبلک فنانس کے شعبوں میں اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہو رہی ہیں۔ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کیلئے مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہی ہے، جبکہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کر لیا ، وفاقی وزیر خزانہ وسینیٹر محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری سے قومی خزانے پر پڑنے والا بوجھ کم ہوگا، جبکہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنے اور معاشی ڈھانچے کو جدید بنانے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سڑکوں، توانائی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں منصوبوں کی تکمیل کیلئے نجی شعبے کو شراکت دار بنایا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی پی پی ماڈل کے تحت انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے سرکاری وسائل پر دباؤ بھی کم ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف پاکستان پر قومی مفاد کے خلاف کوئی شرط عائد نہیں کر سکتا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نجی شعبے کی شراکت داری سے ملک بھر میں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

Pakistan SCO Summit 2026