خواجہ آصف

پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت ختم ،خواجہ آصف نے بڑا دعویٰ کر دیا

Pakistan SCO Summit 2026

وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی  نےاپنی بقاء کی خاطر صوبوں کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اُٹھایا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری قابل احترام شخصیت ہیں تاہم ان کے اور موجودہ قیادت کے دور میں پیپلزپارٹی اپنی سابقہ سیاسی حیثیت بحال کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام مفلوج ہوچکا ہے اور ملک کو مؤثر طریقے سے چلانے کیلئے مربوط بلدیاتی نظام اور انتظامی یونٹس کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر جمہوریت پر یقین ہے تو اس کے ثمرات اور اختیارات نچلی سطح تک بھی نظر آنے چاہئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مودی نے پہلے جنگ کے میدان میں اب عالمی عدالت میں بھارت کو ذلیل کروا دیا،خواجہ آصف

خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی رویے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ دو، تین برس کے دوران اختیار کیے گئے رویے میں تبدیلی لانا ہوگی۔

ان کے بقول سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والی زبان سب کے سامنے ہے اور ٹیکنالوجی اتنی ترقی کرچکی ہے کہ کسی بھی چیز کو چھپانا ممکن نہیں رہا۔

وزیر دفاع نے بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں بیٹھ کر بات کرنے کے بجائے پاکستان آکر اپنے والد سے ملاقات کیوں نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو ملاقات سے کسی نے نہیں روکا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ عرصے کے دوران کسی بھی قومی معاملے پر موجودہ سیاسی نظام کے اندر رہتے ہوئے مؤثر انداز میں بات نہیں کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیلئے معاہدہ کے قریب پہنچ چکے،خواجہ آصف

ان کے مطابق پی ٹی آئی کے نمائندے جب بھی آتے ہیں تو ان کی گفتگو کا محور صرف بانی پی ٹی آئی ہوتے ہیں جبکہ ملکی سیاست اس طرح نہیں چل سکتی۔

Pakistan SCO Summit 2026