وزیراعظم کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کا اعادہ

Pakistan SCO Summit 2026

وزیراعظم شہبازشریف کی کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے ایران کیخلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان مسترد کر دیا

وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات پر تپاک اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جون میں صدرپزشکیان کے دورہ پاکستان کے دوران فیصلوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورہ تہران اور ان کے تعمیری روابط سے اچھے نتائج کی امید ہے وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کےحصول کے لیے تحمل، ضبط و برداشت اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ شہبازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے،کسی ملک کے خلاف نہیں،اس کا مقصد خطے میں امن اور سلامتی یقینی بنانا، علاقائی ممالک کے مفادات کو تحفظ دیناہے۔

صدر پزشکیان نے ثالثی کے عمل میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک متحدہوں تو اسرائیل ان پر اتنی آسانی سے حملہ آور نہیں ہوگا، مسلم ممالک کے پاس باہمی گفتگو اور تعاون سے حل نکالنے کی صلاحیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے پاپولر وزیراعظم کہا گیا بعد میں قاتل بنادیا، فیصل ممتاز راٹھور

انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ مسلم دنیا کا اتحاد مضبوط کرنے کی جانب قدم ہے، دیگر علاقائی ومسلم ممالک بھی شامل ہو کر تعاون بڑھائیں گے۔

اس کےعلاوہ شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارت 2 ارب ڈالرز تک بڑھانے کا عزم کیا گیا۔

Pakistan SCO Summit 2026