جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے باعث انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 14.5 فٹ تک پہنچ گئی اور پری الرٹ لیول عبور کرگئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 7 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں شدید بارش: ملک میں مون سون کے آخری سلسلے کا آغاز
اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 101، گولڑہ 90 اور شمس آباد میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں مسلسل بارش کے باعث پانی کی سطح مزید تیزی سے بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف نشیبی آبادیوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔
شدید بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون فورم بلیو ایریام آئی ٹین اور آئی نائن سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے
یہ بھی پڑھیں: ملک میں شدید بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں اور ممکنہ خطرات والے علاقوں میں نگرانی کا عمل مؤثر بنایا جائے۔
متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




