محسن نقوی کا کراچی ایئرپورٹ کا اچانک دورہ،امیگریشن سسٹم کی خرابی کا نوٹس

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں عوامی مرکز پاسپورٹ آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کی سہولیات کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

ہفتے کے روز کراچی میں انہوں نے ایئرپورٹ پر امیگریشن سسٹم کی خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری بحال کرنے اور جعلی یا نامکمل سفری دستاویزات کے حامل افراد کو سفر سے روکنے کا سخت حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کی ملاقات،محسن رضائی نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیدیا

وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی مرکز کراچی میں واقع پاسپورٹ آفس کے دورے کے دوران وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے درخواست گزاروں سے ٹوکن کے اجرا اور کاؤنٹر تک باری آنے میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر شہریوں نے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا کام محض چند منٹوں میں مکمل ہو گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ انہیں پاسپورٹ بنوانے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی انہیں طویل انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ آفس کی سہولیات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے صبح جاری کیے گئے ایک الگ بیان میں بتایا گیا کہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بھی دورہ کیا۔

دورے کے دوران جب وہ کاؤنٹرز پر کارروائی کا جائزہ لے رہے تھے، عین اسی وقت ایئرپورٹ کا امیگریشن سسٹم خراب ہو گیا۔

وزیر داخلہ نے اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور خرابی کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے واقعات کی صورت میں متبادل انتظامات کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ کا واضح کہنا تھا کہ ‘امیگریشن کا عمل کسی بھی صورت میں نہیں رکنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر، وزیرداخلہ اور وزیرخارجہ سے اہم ملاقاتیں

اس کے علاوہ انہوں نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے عمل کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیر داخلہ نے حکام کو جعلی، نامکمل اور غیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے افراد کو کسی بھی صورت میں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔