ملاقاتیں

وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر، وزیرداخلہ اور وزیرخارجہ سے اہم ملاقاتیں

پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے سفارتی نیٹ ورک کو متحرک کر دیا ہے ۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کا اہم دورہ کیا ہے جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر پہنچ چکے ہیں ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سے الگ الگ تفصیلی ملاقاتیں کیں ۔ ان اہم ملاقاتوں کا بنیادی محور ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ‘‘ کے بعد پیدا ہونے والی خطے کی موجودہ سیاسی و سیکیورٹی صورتِ حال تھی ۔

محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ نے ’’امریکا ایران مفاہمتی یادداشت ‘‘ کو خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک انتہائی مثبت اور بڑا بریک تھرو قرار دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر کر دکھایا، محسن نقوی

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستانی وزیر داخلہ کے دورے کی تائید کرتے ہوئے واضح کیا کہ محسن نقوی کے دورے کا اصل مقصد ایران اور امریکا کے مابین پسِ پردہ مذاکرات میں پاکستان کے مصالحتی کردار اور کوششوں کو کامیابی سے آگے بڑھانا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق اب دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا آغاز ہوگا، جس میں مفاہمتی یادداشت پر عملی طور پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

سفارتی محاذ پر دوسری بڑی پیشرفت مصر میں ہوئی ہے، جہاں پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار قاہرہ پہنچ چکے ہیں ۔ وہ آج مصر، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ کے ایک انتہائی اہم اور کثیر الجہتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مسئلہ جلدحل ہو گا، وزیر اعظم اورفیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کر ینگے ،محسن نقوی

اس ہنگامی بیٹھک کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتِ حال، علاقائی امن و استحکام اور مسلم امہ کے مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کرنا ہے ۔