شاہ غلام قادر

عوام کے عزت و وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرونگا،شاہ غلام قادر

مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کا وزیراعظم آزادکشمیر کی نامزدگی سے متعلق فیصلہ پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔

شاہ غلام قادر نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے غیور عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی عزت و وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرونگا ، ہم نواز شریف کے نعرہ ووٹ کو عزت دو کو یقینی بنائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت اور اہم سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزادکشمیر میں حکومت سازی اور وزیراعظم کی نامزدگی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخاب جمعہ کو ہوگا، اجلاس ایک روز کیلئے ملتوی

اجلاس میں وزیراعظم میاں شہبازشریف نے وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے بیرسٹر افتخار گیلانی کو نامزد کردیا جس کی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے مخالفت کی ہے ۔

دونوں سینئر لیگی رہنماؤں نے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد آج جمعرات کو پارٹی قیادت کو اپنے سیاسی فیصلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعدقانون ساز اسمبلی اجلاس اب آج جمعرات کے بجائے کل جمعہ کو ہو گا۔

اجلاس کے بعد صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر اورسابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر میڈیا سے بات کئے بغیر وزیراعظم ہائوس سے چلے گئے تھے۔

شاہ غلام قادر کا ایکس پر یہ پیغام اب اہمیت کا حامل ہے جس میں اشارہ دیا گیا ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو قبول نہیں کیا جائیگا اور نوازشریف کے ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ کو یقینی بنایا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس، بیرسٹر افتخار گیلانی وزیراعظم نامزد، شاہ غلام قادر ناراض

یہ بھی یاد رہےکہ بیرسٹر افتخار گیلانی مظفرآباد شہر سے پیپلزپارٹی کے امیدوارسردار مختار احمد سے شکست کھا گئے تھے جس کے بعد انہیں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اسمبلی میں لایا گیا ہے اور اب قائد ایوان بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔