مکہ دفاعی معاہدہ ،سعودی ولی عہد پاکستان کیساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، امن دشمن عناصر مسلم ممالک میں نفرت پیدا کرنے میں ناکام رہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا۔

اسلام آباد میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن نے پوری کوشش کی کہ خطے کے مسلمان ممالک میں اختلاف پیدا ہو، مسلمانوں میں تقسیم کی اس سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ناکام بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:گھریلو ملازمین کی بھرتیاں: پاک،سعودی عرب معاہدے کا امکان

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور سعودی عرب ہمارے وہ ساتھی ہیں جنہوں نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس پاکستان کی قابل فخر قومی روایت ہے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علما، محققین اور مشائخ ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ ہم سب نبی کریم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ ہماری پہچان، عزت اور جان ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے عظیم احسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت ہماری ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اختلاف کے آداب اور مکالمے کا طریقہ بھی سکھایا۔ نبی کریم ﷺ نے اہل کتاب کو مشترکہ باتوں کی بنیاد پر مکالمے کی دعوت دی۔

نہوں نے کہاکہ فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے عظیم کامیابی کے باوجود عاجزی کا مظاہرہ کیا، اور اپنے مخالفین کے لیے عام معافی کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حجۃ الوداع کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے انسانی مساوات کا عظیم درس دیا۔ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر کوئی برتری حاصل نہیں، نبی کریم ﷺ کا واضح فرمان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی کالے کو گورے پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں، نبی کریم ﷺ نے انسانی مساوات کا اصول واضح کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے مسلمان کی جان و حرمت کو مقدس مقامات اور مقدس ایام کی حرمت کے برابر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے نبوت کی سب سے پہلی دلیل کے طور پر اپنا کردار لوگوں کے سامنے پیش کیا۔ اہل مکہ نے نبی کریم ﷺ کو صادق اور امین تسلیم کیا، آپ ﷺ کی سچائی کی گواہی دشمن بھی دیتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا کردار آپ ﷺ کا پہلا معجزہ اور قرآن مجید دوسرا معجزہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی اخلاقی اور شخصیتی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ کو عام کرنا ہوگا۔ اپنے بچوں کو سچائی، امانت، دیانت، صبر اور انسانیت کا درس دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اس پورے عرصے میں بھرپور کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:حج 2027: سعودی حکومت کا عازمین پر نئی پابندی نافذ کرنے کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ ہماری مشترکہ محنت رنگ لائی اور عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی۔ امن دشمنوں نے مسلمانوں کو تقسیم کرنے اور ان میں نفرت کا زہر گھولنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلمانوں کے اتحاد اور کاوشوں کا بہترین نتیجہ معاہدہ مکہ مکرمہ کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔