وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخاب جمعہ کو ہوگا، اجلاس ایک روز کیلئے ملتوی

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر میں وزیراعظم کے انتخاب کا عمل ایک روز کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

اسمبلی اجلاس اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے قواعد و ضوابط کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایک روز کیلئے آگے کردیا۔

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی بھی اب جمعہ کو جمع ہوں گے۔ جمعہ کے روز دوپہر 2 بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگا جس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری اسمبلی امجد لطیف عباسی نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمعہ کو جمع کیے جائیں گے جبکہ اسی روز نماز جمعہ کے بعد وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیرحکومت سازی: وزیراعظم شہبازشریف نے شاہ غلام قادر، بیرسٹر افتخار گیلانی کو طلب کرلیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت اور اہم سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزادکشمیر میں حکومت سازی اور وزیراعظم کی نامزدگی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم میاں شہبازشریف نے وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے بیرسٹر افتخار گیلانی کو نامزد کردیا جس کی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے مخالفت کردی ہے ۔

دونوں سینئر لیگی رہنماؤں نے ساتھیوں سے مشاورت کے بعد آج جمعرات کو پارٹی قیادت کو اپنے سیاسی فیصلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعدقانون ساز اسمبلی اجلاس اب آج جمعرات کے بجائے کل جمعہ کو ہو گا۔

اجلاس کے بعد صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر اورسابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر میڈیا سے بات کئے بغیر وزیراعظم ہائوس سے چلے گئے۔