پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر نے حالیہ عام انتخابات کے دوران جماعتی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت موقف اختیار کر لیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں ڈسپلن توڑنے والے عہدیداروں سے متعلق رپورٹ جلد از جلد مرکزی سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔
یہ اہم ہدایت صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر جناب شاہ غلام قادر کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران جن بھی عہدیداروں نے جماعت کے فیصلوں کے برعکس کام کیا، ان کی مکمل چھان بین کی جائے گی تا کہ ڈسپلن قائم رکھا جا سکے۔

جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر چوہدری طارق فاروق کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی بھی حلقہ انتخاب میں کسی جماعتی عہدیدار نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے یا وہ جماعتی مفادات کے خلاف کسی سرگرمی کا حصہ رہا ہے، تو اس کی مکمل اور تفصیل رپورٹ فوری طور پر جمع کروائی جائے۔
یہ بھی پرھیں: آزادکشمیر : وزارت عظمیٰ مسلم لیگ ن کیلئے چیلنج ،وزیراعظم پراتفاق نہ ہوسکا
تادیبی کارروائی کا فیصلہ:
پارٹی کا کہنا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد جماعتی مفادات کو نقصان پہنچانے اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف آئین اور قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سطح پر جماعتی ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔




