انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کا سب سے زیادہ کیچز کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
جو روٹ نے ہیڈنگلے میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز کرنے والے فیلڈر(وکٹ کیپر کے علاوہ) کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:لیڈز ٹیسٹ ،پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز سے بدترین شکست
جو روٹ نے آسٹریلیا کے اسٹار کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بطور فیلڈر سب سے زیادہ کیچز کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
روٹ نے جمعے کو ہیڈنگلے میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے دوران آرچر کی گیند پر اذان اویس کا تیز رفتار کیچ لیگ سلپ پر پکڑ کر اسٹیو اسمتھ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ جو روٹ کا ٹیسٹ کرکٹ میں بطور فیلڈر 219واں کیچ تھا۔ اسمتھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 218 کیچز کیے ہیں۔
گزشتہ روز جو روٹ نے بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا اہم ٹیسٹ ریکارڈ بھی برابر کیا تھا۔
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بھارت کے سابق عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کرلیا۔
روٹ نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سرانجام دیا۔انہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ روٹ کی 68ویں ٹیسٹ نصف سنچری تھی، جس کے ساتھ انہوں نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کرلیا۔
سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی جانب سے 200 ٹیسٹ میچز کھیلے اور اپنے شاندار کیریئر کا اختتام 68 نصف سنچریوں اور 51 سنچریوں کے ساتھ کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 15,921 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انگلش کپتان جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا بڑا ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 103رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
238 رنز کے خسارے سے پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تاہم دوسری اننگز میں بھی پاکستان بیٹنگ مکمل ناکام ہوگئی۔پوری ٹیم 38ویں اوور میں 135 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان کو اننگز اور 103رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔




