دن 10 سے دوپہر 12 بجے کا ناشتہ صحت کیلئےخطرناک،ماہرین کا انتباہ جاری

ناشتے کو دن کی سب سے اہم غذا قرار دیا جاتا ہے مگر اس کو کھانے کا وقت لمبی صحت مند زندگی کیلئے اہم ہوتا ہے۔

Huazhong یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے کا وقت بھی اچھی صحت کیلئے بہت اہم ہے۔صرف ناشتے میں شامل غذائیں ہی نہیں بلکہ ان کو جزو بدن بنانے کا وقت بھی اہم ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق40 سال یا اس سے زائد عمر کے 31 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو 1999 سے 2018 کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔

ان افراد سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے استعمال کی جانے والی غذاؤں اور مشروبات کی تفصیلات حاصل کی گئیں اور یہ بھی معلوم کیا گیا کہ انہوں نے کس وقت ناشتہ یا کھانا کھایا۔

تحقیق میں صبح 4 بجے کے بعد کھائی جانے والی غذا یا مشروب کے استعمال کو دن کی پہلی غذا قرار دیا گیا جبکہ رات کا کھانا دن کی آخری غذا قرار دیا گیا۔

بعد ازاں 2019 کے آخر تک ان افراد کی اموات کے ڈیٹا کو حاصل کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جگر کی صحت اور کافی کا استعمال: نئی سائنسی تحقیق میں حیران کن انکشافات

مجموعی طور پر لگ بھگ 9 سال تک ان افراد پر نظر رکھی گئی تھی اور اس دوران 7129 افراد کا انتقال ہوا جن میں سے 2259 امراض قلب کے باعث ہلاک ہوئے۔

مختلف عناصر جیسے عمر، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں، غذائی معیار، جسمانی وزن، آمدنی اور امراض وغیرہ کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان ناشتہ کرنا لمبی صحت مند زندگی کے لیے مثالی وقت ہے۔

جو افراد صبح 8 سے 10 بجے ناشتہ کرتے ہیں، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 10 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ 10 سے دوپہر 12 بجے کے درمیان ناشتہ کرنے سے 19 فیصد اور دوپہر کے بعد ناشتہ کرنے 29 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

8 بجے کے بعد ناشتہ کرنے والے افراد میں امراض قلب سے موت کا خطرہ 46 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

اسی طرح رات کو 8 بجے کے بعد کھانا کھانے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 13 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

مگر محققین نے بتایا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ رات 7 سے 8 بجے رات کو کھانا کھانے کو ہر ایک کے لیے مثالی قرار دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رات کو تاخیر سے کھانے سے جسمانی گھڑی کے افعال اور میٹابولزم پر ممکنہ منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر رات کو بہت جلد کھانا بھی بہترین نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کھانے کا وقت جسمانی گھڑی کے افعال کے لیے اہم ہوتا ہے، صبح دیر سے ناشتہ کرنے یا رات گئے کھانا کھانے سے میٹابولزم کے افعال متاثر ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی نتائج کو ٹھوس تو نہیں قرار دیا جاسکتا مگر یہ ضرور واضح ہوتا ہے کہ تاخیر سے کھانے سے صحت متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ نیند، جسمانی سرگرمیوں کے وقت، سونے جاگنے کے اوقات اور دیگر عناصر بھی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔