کولکتہ کے ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی، بنگلا دیشی شہریوں اور بچے سمیت 9 افراد جاں بحق

کولکتہ :بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے ایک ہوٹل میں دیر رات اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک بچے اور بنگلا دیشی شہریوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ کم از کم 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی پولیس اور انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ رات تقریباً 2 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا، جب ہوٹل کی عمارت کی دوسری منزل پر اچانک آگ نمودار ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً ایک گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، جبکہ اس دوران عمارت میں پھنسے تقریباً 30 افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: شدید بارش کے باعث ایم ٹو موٹروے پر حادثہ، متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں؛ 1 جاں بحق، 10 زخمی

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں بعض بنگلا دیشی شہری بھی شامل ہیں جو علاج کی غرض سے کولکتہ آئے ہوئے تھے اور ہوٹل میں قیام پذیر تھے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ عمارت میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ تاہم، پولیس نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔