مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت؛ وزیراعظم شہباز شریف کا پرجوش خیرمقدم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی بیان اور مبارکباد کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحسینی کلمات کو دل سے سراہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور تینوں ممالک مل کر خطے کے دفاع، امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اتحاد خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، جو کہ عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی ، مقصد امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینا ہے، اسحاق ڈار

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا کو ممکنہ جوہری تباہی سے بچانے کے لیے بھی صدر ٹرمپ کے تاریخی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت، جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت نے نہ صرف خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا بلکہ لاکھوں انسانوں کی جانیں بھی محفوظ بنائیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد پیش کی تھی۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں معاہدے پر دستخط کو علاقائی دفاعی تعاون کی سمت ایک انتہائی اہم اور جرات مندانہ پیش رفت قرار دیا تھا۔