آبنائے ہرمز

آبنائے ہرمز پر امریکی دعوے کے خلاف ایران کا سخت ردعمل

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے بیانات کو معمولی سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔

ایرانی آرمی چیف کی امریکا کو وارننگ

ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ’’یہ ایران ہے اور اس کے محافظ آپ کی ٹانگیں توڑ دیں گے۔‘‘ انہوں نے امریکی افواج کو خطے سے باہر رکھنے کے ایرانی مؤقف کو بھی واضح کیا۔

خلیج اور آبنائے ہرمز میں امریکی موجودگی پر اعتراض

ایرانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امریکی افواج کو عملاً خطے سے نکال دیا گیا ہے اور انہیں خلیج، بحیرہ عمان یا آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی فوجی اڈوں کی واپسی قبول نہیں کریں گے

میجر جنرل امیر حاتمی نے مزید کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ ان کی سابقہ پوزیشن پر واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایران ایسی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کرے گا۔

واشنگٹن اور تہران میں کشیدگی برقرار

ایرانی آرمی چیف کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان کو ایران مسترد کرچکا ہے اور آبنائے پر اپنے کنٹرول کے مؤقف پر قائم ہے۔

آبنائے ہرمز پر بڑھتی ہوئی کشیدگی

آبنائے ہرمز عالمی سطح پر ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے بڑی مقدار میں تیل کی عالمی ترسیل ہوتی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان اس علاقے میں بڑھتی کشیدگی نے خطے کی سکیورٹی اور عالمی توانائی کی صورتحال سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز سے متعلق ٹرمپ کے بیانات زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے ، ایرانی عدلیہ