پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کا حل پیش کر دیا۔
شعیب ملک نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے گرتے ہوئے معیار کی بحالی کے لیے ڈومیسٹک ریڈ بال ڈھانچے میں بڑی اصلاحات پر زور دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق کپتان شعیب ملک نے مریم نواز سے خصوصی درخواست کردی
ان کا کہنا ہے کہ ریڈ بال کے ماہر کھلاڑیوں کو مالی طور پر بہتر مراعات دی جائیں تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ مضبوط کیا جا سکے۔
شعیب ملک نے ایکس پر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی حالیہ مایوس کن کارکردگی کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکام کو ریڈ بال اسپیشلسٹس کو ترجیح دینی چاہیے، جس کے لیے بہتر سینٹرل کنٹریکٹس اور مراعات ضروری ہیں۔
پاکستان کیلئے 287 ون ڈے، 35 ٹیسٹ اور 124 ٹی 20میچز کھیلنے والے شعیب ملک کا ماننا ہے کہ مالی تحفظ ملنے سے کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ سے جڑے رہیں گے اور فرنچائز لیگز کی طرف غیر ضروری جھکاؤ کم ہوگا۔
شعیب ملک نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں ماہر کھلاڑیوں کو پرکشش ریڈ بال کنٹریکٹس دینے ہوں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس طرح کی مراعات سے کھلاڑی طویل فارمیٹ کے ساتھ وابستہ رہیں گے اور ہر سیزن کم از کم 5 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں گے، جبکہ فرنچائز کرکٹ کے دباؤ میں آ کر اپنی قدرتی کھیلنے کی صلاحیت بدلنے سے بھی بچیں گے۔
شعیب ملک نے بین الاقوامی سطح پر معیار بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں میں واضح فرق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سکندر رضا کا زمبابوے کی ٹیم کیلئے جذبہ قابلِ تعریف ہے : شعیب ملک
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر آدھی تیاری کے ساتھ کامیابی ممکن نہیں۔ ہمیں مکمل طور پر تیار اور پرعزم کھلاڑی درکار ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کی جانب سے یہ تجاویز اس وقت سامنے آئیں جب شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کو بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔



