چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا گیا ہے، جس میں ریٹائرڈ افسران اور سابق فوجیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔ اس موقع پر سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات اور زندگی بھر کی قربانیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

قومی استحکام اور تجربے کی اہمیت:
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی استحکام کو مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کے مسلسل کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور ادارے کے ساتھ مسلسل رابطہ ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب سیکیورٹی کا ماحول تیزی سے پیچیدہ اور مسلسل تبدیل ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 14 اگست ،پاکستان کی مضبوطی اور کشمیر کی آزادی ہماری منزل ہے، سردار بشیر اللہ عباسی
استقبالیے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ سابق فوجیوں کی رہنمائی ادارے کے لیے انتہائی اہم ہے اور ان کا تعاون سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پاک فوج کی قیادت پر اعتماد:
اس موقع پر سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
سابق فوجیوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ قومی اتحاد، امن، استحکام اور ملکی خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار مسلسل ادا کرتے رہیں گے۔




