ربیع الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو اور محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی سامنے آگئی

سپارکو اور محکمہ موسمیات نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے یکم ربیع الاول اور عید میلاد النبیﷺ کی ممکنہ تاریخوں کی تفصیلات بتا دی ہیں۔

سپارکو کے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق ربیع الاول کے نئے چاند کی پیدائش 12 اگست کو رات 10 بج کر 37 منٹ پر ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی 13 اگست کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی ممکنہ عمر تقریباً 20 گھنٹے 53 منٹ ہو جائے گی۔

چاند کی رویت اور فلکیاتی حسابات کی تفصیلات:

سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیانی وقت میں تقریباً 32 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔ تاہم تکنیکی و فلکیاتی معلومات کے پیش نظر سپارکو نے واضح پیشگوئی کی ہے کہ 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند انسانی آنکھ اور دوربین کے ذریعے بھی نظر نہیں آسکے گا۔

ان تمام فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر سپارکو نے بتایا ہے کہ یکم ربیع الاول 15 اگست 2026 بروز ہفتہ کو ہونے کا قومی امکان ہے۔ اس فلکیاتی حساب کے مطابق اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوتی ہے تو 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 بروز بدھ کو متوقع ہوگی۔

محکمہ موسمیات اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کردار:

دوسری جانب، محکمہ موسمیات پاکستان نے بھی سپارکو کی پیشگوئی کی تائید کرتے ہوئے یکم ربیع الاول 1448 ہجری 15 اگست 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دونوں اداروں کے فلکیاتی تخمینے یکم ربیع الاول کی تاریخ پر متفق نظر آتے ہیں۔

تاہم سپارکو اور محکمہ موسمیات کی اس اہم پیشگوئی کے باوجود ربیع الاول کے چاند کی حتمی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے باقاعدہ آغاز کا حتمی و شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔

ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں:

واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ اس بابرکت موقع پر ملک کے طول و عرض میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس مبارک دن کی مناسبت سے مختلف شہروں اور علاقوں میں محافل میلاد، سیرت کانفرنسز، ایمان افروز جلوس اور دیگر مذہبی تقریبات کا خصوصی انعقاد کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر الیکشن: حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ اور ایل اے 15 وسطی باغ میں 15 اگست کو ری پولنگ کا فیصلہ

حکومتِ پاکستان کا نوٹیفکیشن اور اگست میں مجموعی چھٹیاں:

دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ سال 2026 کے باضابطہ سرکاری، بینک اور اختیاری تعطیلات کے نوٹیفکیشن کی رو سے 25 اگست بروز منگل کو عید میلاد النبی کی سرکاری چھٹی ہوگی۔ واضح رہے کہ اگست 2026 پاکستانیوں کی تفریح اور آرام کا بہترین ذریعہ ثابت ہونے جا رہا ہے جہاں 2 وفاقی اور 10 ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ مجموعی طور پر 12 تعطیلات متوقع ہیں۔ پاکستانیوں کو اگست میں مسلسل 3 چھٹیاں منانے کا موقع مل رہا ہے کیونکہ 14 اگست بروز جمعہ کو جشن آزادی منایا جائے گا اور بعد کے دو دن ہفتہ اور اتوار کے اختتامِ ہفتہ کی چھٹیاں ہوں گی، جس سے یہ تین دن کا مسلسل تعطیلاتی دورانیہ بن جائے گا۔