بارش

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ،موسم خوشگوار، کئی مقامات پر جل تھل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا باعث موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ راولپنڈی میں کئی مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت دیگر کئی مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین :سمندری طوفان ، تباہ کن بارشیں، 150سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے ایف سیون فور، بلیو ایریا، جی سکس اور شکر پڑیاں سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔

کئی مقامات پر تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی صورتحال بھی پیدا ہوئی راولپنڈی میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

واسا راولپنڈی نے بارش کے پیش نظر اپنی فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واسا کے انتظامی سربراہ عزیز اللہ خان خود نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں اور مختلف علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واسا حکام کے مطابق شہر کے نکاسی آب کے مراکز، پانی نکالنے والی مشینیں اور بھاری مشینری فعال کردی گئی ہے، جبکہ فیلڈ افسران اور متعلقہ عملہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر، پنجاب اور کے پی میں بارشوں کا نیا سلسلہ: محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

بارش کا پانی کسی مقام پر جمع ہونے کی اطلاع ملنے پر ٹیمیں فوری طور پر کارروائی کررہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی سطح اور صورتحال پر بھی مسلسل نظر رکھی جارہی ہے تاکہ بارش کے دوران کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔