آزاد کشمیر میں تیسرے مرحلے کے لیے انتخابی دنگل آج سجے گا، قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے اس مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کے اس انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اس کے لیے ضلع باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں آج ووٹنگ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات تیسرامرحلہ، 3سابق وزرائےا عظم کا سیاسی مستقبل دائو پر،حیران کن اعداد وشمار آگئے
انتخابی دنگل میںوزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور ،مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس حصہ لیں گے۔
4 حلقوں میں ہونے والے تیسرے مرحلے کے اس انتخابی دنگل میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز کا اندراج ہے جو آج اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق انتخابی عمل کے نگرانی اور پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے چاروں حلقوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ ن نے 9 نشستوں پر اپنا قبضہ جمایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن 15 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔
اب تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔
ایل اے 14غربی باغ میں سابق وزیراعظم، صدر مسلم کانفرنس سردارعتیق احمد خان کو عوامی دست وبازو پارٹی کے سربراہ سردار ساجد اقبال عباسی ٹف ٹائم دیئے ہوئے ہیں۔
ایل اے 15وسطی باغ میں بھی اس بار دلچسپ مقابلہ ہے جہاں سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ پر ، مشتاق منہاس مسلم لیگ(ن) ،پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر سردار ضیاء القمر، جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر بریگیڈیئر (ر) محمد خان مدمقابل ہیں۔یوں اس حلقہ میں 4مضبوط امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ایل اے 16شرقی باغ اس بار بھی روایتی حریفوں سردار قمرالزمان خان اور سردار امیر اکبر کا کانٹے کامقابلہ ہے، سابق الیکشن میں سردار میر اکبر نے 400سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پریزائیڈنگ افسران کی گرفتاری کی خبر، پیپلزپارٹی حویلی کی وضاحت آگئی
ایل اے17حویلی فارورڈ کہوٹہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں دو برادروں ( راٹھور اورگوجر)کےامیدواروں کے مابین کانٹے کامقابلہ ہوتا ہے، اس بار وزیراعظم فیصل راٹھور کو بھی حلقہ میں سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے اتحادی خواجہ طارق سعید آزادالیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ دوسری طرف حلقہ میں گوجربرادری کی اکثریت ہے اور مسلم لیگ(ن) کے چوہدری محسن عزیزکی پوزیشن انتہائی مستحکم ہے۔



